Fatwa No. # 5 Jild No # 1
مسئلہ نمبر ۵
کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں کہ
خدا فرماتا ہے قرآن کے اندر
میرے محتاج ہیں سب پیر و پیغمبر
خدا فرماتا ہے قرآن کے اندر
مرے مختار ہیں سب پیر و پیغمبر
اگر یہ غلط ہیں تو اسکا پڑھنا اور ان پر داد دینا کیسا ہے؟ بینوا توجروا۔
المستفتی: فخرالدین احمد ناگپوری جامعہ اشرفیہ مبارک پور
بِسْمِ اللهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
الجوابـ
پہلا شعر قرآن کریم پر اترا اور انبیاء و اولیاء کی اہانت پر مشتمل ہے۔ قرآن نے مطلق بلا تخصیص انبیاء و اولیا ء فرمایا ہے
﴿وَاللَّهُ الْغَنِيُّ وَأَنتُمُ الْفُقَرَاء﴾
اللہ بے نیاز ہے اور تم سب اس کے محتاج ہو۔
[سوره محمد آیت – ۳۸]
اس میں کسی قسم کی تخصیص نہ فرمائی۔ تو انبیاء و اولیاء کی تخصیص از خود کرنا قرآن پر افتراء ہے جس سےمقصود اهانت انبیاء اولیاء ہے۔ اور اس اہانت آمیز جملہ کی نسبت قرآن کریم کی طرف نقص دینی ہے قرآن کریم نے عام لوگوں کے لئے تو وہ فرمایا جو گذرا اور انبیا کے لئے یوں فرماتا ہے
﴿إِنِّي جَاعِلٌ فِي الْأَرْضِ خَلِيفَةً﴾
میں زمین پر اپنا نائب بنانے والا ہوں۔
[سوره بقره آیت ۳۰]
﴿إِنِّي جَاعِلُكَ لِلنَّاسِ إِمَاماً﴾
اور میں تجھے (ابراہیم علیہ السلام کو ) امام بناتا ہوں۔
[سوره بقره آیت ۱۲۴]
﴿أَئِمَّةً يَهْدُونَ بِأَمْرِنَا﴾
ہم نے ان میں سے کچھ کو امام بنایا کہ ہمارے حکم سے ہدایت دیتے ہیں
[سوره سجده آیت ۲۴]
﴿أَغْنَاهُمُ اللَّهُ وَرَسُولُهُ﴾
لوگوں کو خدا نے اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے غنی کر دیا۔
[سوره تو به آیت ۷۴]
﴿سَيُؤْتِينَا اللَّهُ مِن فَضْلِهِ وَرَسُولُهُ﴾
اب دے گا ہمیں اللہ اپنے فضل سے اور اس کا رسول صلی اللہ علیہ وسلم ۔
[سوره تو به آیت ۵۹]
اور اولیاء کے لئے فرمایا
﴿جَعَلْنَاكُمْ خَلَائِفَ فِي الْأَرْضِ﴾
ہم نے تمہیں زمین پر اپنا خلیفہ کیا۔
[سوره یونس آیت - ۱۴]
اور خلافت ، نیابت عن الغیر کا نام ہے اور نیابت عن الغیر کبھی مستخلف کی موت کے سبب اور کبھی مستخلف کی جانب سے تکریم خلیفہ کے لئے ہوتی ہے اور اللہ تعالیٰ نے اپنے اولیاء کو اسی وجہ آخر الذکر پر خلافت سے نوازا ہے کما في المفردات للامام الراغب الاصفہانی یہاں سے ظاہر کہ اللہ تعالی نے انبیاء و اولیاء کو مختار و مازون فی التصرف فرمایا ہے۔ اور ان کے ماسواء کو انکا محتاج فرمایا ہے۔ تو دوسرا شعر صحیح ہے۔
والله تعالى أعلمکتبــــــه:
فقیر محمد اختر رضا خان از هری قادری غفر له
[فتاویٰ تاج الشریعہ ، ج: ۱ ، ص: ۱۶۴، مرکز الدراسات الاسلامیہ جامعۃ الرضا بریلی]
نوٹـ: فائل ڈاؤنلوڈ ہونے کے بعد بعض اوقات براہِ راست نہیں کھلتی ہے ۔ اگر ایسا ہو توبراہِ کرم اپنے موبائل یا کمپیوٹر کے "Downloads" فولڈر میں جا کر فائل کو کھولیں۔