Fatwa No. #---- Jild No # 02
مسئلہ محترم جناب قبلہ محمد ریحان رضا خاں صاحب السلام علیکم بعد آداب کے عرض یہ ہے کہ:
آپ میرے نیچے لکھے ہوئے سوالوں کے جواب جلد سے جلد روانہ کرانے کی زحمت گوارہ کریں جواب کے لئے ایک لفافہ کے اندر بیس پیسہ کے ٹکٹ بھی موجود ہیں۔
ا۔ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ پیر اور مرشد الگ الگ ہوتے ہیں اور دونوں کا ہونا ضروری ہے اس کا خلاصہ لکھیں۔
۲۔ اور یہ بھی سنا گیا کہ ولی اللہ دنیا سے رحلت فرما چکے ہیں ان کے مزارات پر حاضر ہو کر مرشد کی نیت سے ان کو اپنا مرشد دل کے اندر قرار دے سکتے ہیں کیا یہ بات سچ ہے اس کا بھی خلاصہ لکھیں۔
۳۔ میں ایک کامل مرشد کی تلاش میں ہوں لیکن کم علم ہو نیکی وجہ سے ایسا مر شد تلاش نہ کر سکا اور نہ ابھی تک بیعت لے سکا لھذا آپ میری اس پریشانی کو دور کرنے کے لئے کسی سنی کامل بزرگ کا تعارف کرائیں جس سے میں بیعت لے سکوں ان کا پورا پتہ میرے لئے تحریر فرمائیں۔
۴۔ ایک مسلمان حجام کو میلا د شریف میں حاضر ہونے کیلئے پوری جماعت کو اذن عام دینے کیلئے کہا گیا تو اس نے کہا کہ ۵ روپیہ لونگا اگر ۵ روپے نہیں دیتے تو میں نہیں جاسکتا۔ ۵ روپے نہ ملنے کی وجہ سے وہ اذن دینے نہیں گیا۔ جس سے جماعت میلاد شریف میں حاضر نہ ہو سکی یہ کام رواج کے مطابق حجام کا ہوتا ہے مگر محنتانہ کا کوئی حدیہ مقرر نہیں غریب آدمی اتنا ہدیہ نہیں دے سکتا شریعت کے مطابق حجام کے لئے کیا حکم ہے؟
۵۔ میں ایک ایسے محکمہ کے اندر نوکری کرتا ہوں کہ روزانہ سفر کرنا پڑتا ہے اور بعض جگہ ایسی ہوتی ہے جہاں کافروں کا ماحول ہوتا ہے وہاں سر عام نماز پڑھنے میں خطرہ رہتا ہے۔ جس سے میں بس کے اندر سیٹ کے اوپر ہی بیٹھ کر نماز ادا کر لیتا ہوں اس حالت میں مجبوری کی وجہ سے میری نماز ٹھیک حالت میں ہوئی یا نہیں اس کا بھی خلاصہ لکھیں اور لکھے سوالوں کا جواب جلدی روانہ کریں مہربانی ہوگی۔
المستفتی: اسید ابن انس قادری، اسیدی پور، پوسٹ راہز ضلع کچھ صوبہ گجرات
الجوابـ ۱ پیر اور مرشد دونوں لفظوں کا مفہوم ایک ہے۔ وہو تعالیٰ اعلم
۲۔ کسی کو مرشد بنانے کے لئے اس کے ہاتھ پر بیعت ضروری ہے اور بیعت توبہ کا اقرار ہے جو مرشد اپنے مرید سے کراتا ہے۔ اس کے لئے مرشد کا عالم ظاہری میں ہونا ضروری ہے ۔ ہاں اولیاء اللہ کو اپنا ہادی و رہبر سمجھنا چاہیئے ۔ حجام مذکور پر کوئی الزام نہیں ۔ وھو تعالی اعلم۔
۳۔ بیٹھ کر نماز فرض درست نہیں دوبارہ پڑھنی لازم ہے۔ وھو تعالیٰ اعلم
۴۔ کامل مرشد برحق کیلئے حضرت مفتی اعظم مدظلہ العالی کی طرف رہ نمائی کی جاتی ہے۔ پتہ درج ذیل ہے۔ حضرت مفتی مولینا مصطفیٰ رضا خاں صاحب مفتی اعظم ہند محلہ سوداگران بریلی شریف۔
والله تعالى أعلمکتبــــــه:
فقیر محمد اختر رضا خان از هری قادری غفر له
[فتاویٰ تاج الشریعہ ، ج: ۲، ص: ۲۰، مرکز الدراسات الاسلامیہ جامعۃ الرضا بریلی]