متشابہات کی بابت اہل سنت کا عقیدہ


Fatwa No. #61       Jild No # 01

مسئلہ نمبر61 حضرت مفتی اختر رضا خاں صاحب دام ظلکم علینا ! السلام علیکم

کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ کے بارے میں کہ: زید صلوٰۃ وسلام پڑھنے کے درمیان اس شعر کو پڑھتا ہے۔ اے خدا کے لاڈلے پیارے رسول یہ سلام عاجزانہ ہو قبول تو حضور علیہ الصلاۃ والسلام کے لئے لفظ " لاڈلا کا بولنا درست ہے یا نہیں ؟ زید کہ رہا ہے کہ لفظ استعمال کرنا درست ہے کیونکہ پروردگار عالم جل جلالہ نے قرآن مجید میں کہیں ید اللہ اور کہیں وجہ اللہ استعمال کیا ہے۔ لہذا ایسا لفظ استعمال کرنا درست ہے اور اگر غلط ہے تو کہنے والے پر شریعت مطہرہ کا کیا حکم ہے؟ حضور والا اس کا جواب قرآن وحدیث کی روشنی میں مدلل و مفصل بیان فرمائیں۔ عین نوازش ہوگی۔ بکر نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ حضور صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم نبیوں کے سردار ہیں ، مدینہ کے تاجدار ہیں، رب کے دلدار ہیں۔ تو یہ لفظ استعمال کرنا درست ہے یا نہیں؟

المستفتی: عين الرحمن متعلم الجامعة العربية عربک کالج ، اترولہ ، گونده


بِسْمِ اللهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

الجوابـ حضور علیہ الصلاۃ والسلام اللہ تعالیٰ کے محبوب ہیں۔ حدیث شریف میں ہے:

وانا حبيب الله 

الجامع الترمذى جزء ۲، ص ۲۰۲ ، كتاب المناقب باب ما جاء في فضل النبي صلى الله عليه وسلم مطبع مجلس برکات مبارکپور اعظم گڑھ/ مشکوة المصابیح، ص ۵۱۳، باب فضائل سید المرسلين صلى الله تعالى عليه وسلم، مجلس برکات، مبارکپور اعظم گڑھ

اور میں اللہ تعالی کا حبیب ہوں (اللہ کا پیارا ہوں )۔ پیارے کو لاڈلا بھی کہتے ہیں۔ اور ید اللہ، وجہ اللہ، متشابہات میں سے ہیں اور متشابہات کے بابت عقیدۂ اہل سنت یہ ہے کہ ان کا ظاہری معنی جو شان الوہیت کے شایان نہیں اس سے اللہ تعالی کو منزہ جانے اور اس کی حقیقی واقعی مراد اللہ کومعلوم ہے۔ لہذا ید اللہ، وجہ اللہ سے اللہ کا ہاتھ اور اس کا چہرہ عیاذاً باللہ مراد نہیں اور ان کلمات سے استدلال کا کوئی حل نہیں نہ اس کی ضرورت ہے۔ (۲) اللہ کا دلدار کہنا منع ہے کہ دلدار کا معنی ہوا دل رکھنے والا اور اللہ دل وغیرہ اعضاء سے پاک ہے۔ واللہ تعالی اعلم۔

والله تعالى أعلم
کتبــــــه:

فقیر محمد اختر رضا خان از هری قادری غفر له

[فتاویٰ تاج الشریعہ ، ج: ۱، ص: ۲۲۳، مرکز الدراسات الاسلامیہ جامعۃ الرضا بریلی]

نوٹـ: فائل ڈاؤنلوڈ ہونے کے بعد بعض اوقات براہِ راست نہیں کھلتی ہے ۔ اگر ایسا ہو توبراہِ کرم اپنے موبائل یا کمپیوٹر کے "Downloads" فولڈر میں جا کر فائل کو کھولیں۔

ایک تبصرہ شائع کریں